کورنگی میں حفاظتی ٹیکہ جات مہم میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف، ویکسینیٹر کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم

کراچی (نیوز ڈیسک) ضلع کورنگی میں بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات کے حساس پروگرام میں سنگین غفلت اور مبینہ بدعنوانی کا پردہ فاش ہو گیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف ایکسپینڈڈ پروگرام آن ایمونائزیشن (EPI) نے یو سی بلال کالونی کورنگی میں تعینات نجی شراکت دار ادارے "وائٹل پاکستان ٹرسٹ” کی ویکسینیٹر مس تسلیم کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر ای پی آئی سندھ ڈاکٹر راج کمار کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ضلع کورنگی کو ارسال کیے گئے مراسلے (نمبر PDEPISK/(Sub-File)/- 20422/26، مورخہ 19 نومبر 2026) میں واضح ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ ویکسینیٹر کے خلاف قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مراسلے کے مطابق ضلعی اور صوبائی سطح کی تحقیقاتی ٹیموں کی جانچ پڑتال کے دوران متعلقہ اہلکار کی جانب سے فرائض میں سنگین غفلت، پیشہ ورانہ بدعنوانی اور سنگین بے ضابطگیوں کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
طبی و سماجی حلقوں نے اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے جاری حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کاغذی کارروائیوں میں ہیر پھیر براہِ راست معصوم بچوں کی زندگیوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکاری فنڈز اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے تعاون سے چلنے والے اس اہم منصوبے میں نچلی سطح پر نگرانی کے نظام کی کمزوریوں نے ایسے عناصر کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، جس کے باعث نہ صرف مہم کے اہداف متاثر ہو رہے ہیں بلکہ عوام کا اعتماد بھی مجروح ہو رہا ہے۔

اس حساس معاملے کی سنگینی کے پیشِ نظر مراسلے کی نقول ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز سندھ حیدرآباد، ڈپٹی کمشنر کورنگی، وزیر صحت سندھ اور سیکریٹری محکمہ صحت سندھ کے پی ایس صاحبان کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں۔ شہریوں اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محض ایک نچلے درجے کی اہلکار کے خلاف کارروائی پر اکتفا کرنے کے بجائے ان سپروائزرز اور متعلقہ افسران کا بھی کڑا احتساب کیا جائے جن کی ناک کے نیچے یہ بے ضابطگیاں جاری رہیں، اور تحقیقاتی رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے۔














Leave a Reply