قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون کا آغاز 18 اکتوبر بروز اتوار سے ہوگا۔ کراچی میں شروع ہونے والے نان فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں سدرن پنجاب کی سیکنڈ الیون کرکٹ ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
ایونٹ کےپہلے راؤنڈ کے میچز کی میزبانی اسٹیٹ بنک گراؤنڈ، کے سی سی اے اسٹیڈیم اور ٹی ایم سی گراؤنڈ کے سپرد کی گئی ہے۔ ایونٹ کےچند میچز این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں بھی کھیلے جائیں گے۔
ابتدائی راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن سدرن پنجاب کی ٹیم ناردرن کے مدمقابل آئے گی، دونوں ٹیموں کے درمیان اتوار سے شروع ہونے والا تین روزہ میچ ٹی ایم سی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔بلوچستان اور خیبرپختونخوا اسٹیٹ بنک گراؤنڈ جبکہ سنٹرل پنجاب اور سندھ کی ٹیمیں کے سی سی اے اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گی۔
ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں ہر ٹیم دس میچز کھیلے گی۔ ایونٹ کا فائنل راؤنڈ 11 سے 13 دسمبر تک جاری رہے گا، جس کے بعد زیادہ فتوحات اور پہلی اننگز میں سبقت کے ذریعے سب سے زیاد ہ پوائنٹس حاصل کرنے والےٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔
نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی طرح قائداعظم ٹرافی نان فرسٹ کلاس میچوں میں شریک کھلاڑیوں کے پاس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی ٹیم کے فرسٹ الیون اسکواڈ میں جگہ بنانے کی آپشن موجود ہوگی۔پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے ماتھے کا جھومر قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ 25 اکتوبر سے کراچی میں شروع ہوگا۔
حالیہ ڈومیسٹک سیزن سے متعلق پی سی بی کے پروٹوکولز کے مطابق قائداعظم ٹرافی نان فرسٹ کلاس میچوں میں شریک تمام کھلاڑی اور آفیشلز بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے۔اس حوالے سے کوویڈ19 کے پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد ہوگا۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں بنائے گئے اس بائیو سیکیور ببل میں داخلے سے قبل تمام کھلاڑیوں کے کوویڈ19 ٹیسٹ مکمل کرلیے گئے ہیں۔
سیکنڈ الیون اسکواڈز میں شامل کھلاڑیوں کے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ فائیو کے بقیہ میچوں میں شرکت کی غرض سے پی سی بی نے اس ایونٹ کے دوران 10 سے 19 نومبر تک، 10 دن کا وقفہ رکھا ہے۔
راولپنڈی میں جاری نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں مصروف زین عباس کی جگہ سلمان علی آغا ابتدائی راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن سدرن پنجاب کی قیادت کریں گے۔تمام ٹیموں کے کپتان ایونٹ میں بہترین کاردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرامید ہیں۔
عظیم گھمن کاکہنا ہے کہ وہ ایونٹ میں بلوچستان سیکنڈ الیون کی قیادت سنبھالنے پر بہت فخر محسوس کرتے ہیں، اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی ایونٹ کے آغاز کا شدت سے انتظار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسکواڈ میں باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ بہترین تجربہ کار کھلاڑی بھی موجود ہیں، لہٰذا انہیں امید ہے کہ ان کی ٹیم ایونٹ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرے گی۔
محمد سعد کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے آغاز سے قبل کراچی آنےکا بہت فائدہ ہوگیا ہے، اس دوران کھلاڑیوں نے سخت جم ٹریننگ اوربھرپور نیٹ پریکٹس کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو کنڈیشنز کا بخوبی اندازہ ہوچکا ہے اور انہیں کھیل کے آغاز کا انتظار ہے۔
مہران ابراہیم کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا سیکنڈ الیون کا اسکواڈ بہت متوازی ہے اور انہیں کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی کی امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دوسری پوزیشن تک محدود رہنے کے باعث کھلاڑی رواں سال پہلی پوزیشن کے حصول کے لیے سخت محنت کررہے ہیں۔
عمیر مسعود کا کہنا ہے کہ ناردرن کی ٹیم ایونٹ کے پہلے راؤنڈ میں دفاعی چیمپئن کے خلاف بہتر کھیل پیش کرکے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے لیے پرامید ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں بہترین فاسٹ باؤلر اور تجربہ کار بیٹسمین موجود ہیں، جن سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے۔
سیف اللہ بنگش کاکہناہے کہ وہ انڈر19 سطح پر ٹیم کی قیادت کا تجربہ رکھتے ہیں مگر سندھ سیکنڈ الیون کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنا کسی اعزاز سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی انفرادی کارکردگی سے اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزائی کاسبب بننا چاہتے ہیں، امید ہےکہ تمام کھلاڑی ایونٹ میں بہترین کھیل پیش کریں گے۔
آغا سلمان کاکہنا ہے کہ گزشتہ سال کے چیمپئن ہونے کی وجہ سے اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی پرجوش اور ایونٹ کے آغاز کا انتظار کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ رواں سال ٹائٹل کے کامیاب دفاع کی کوشش کریں گے۔ گزشتہ سال نوید یاسین نے جس شانداز انداز سے ٹیم کی قیادت کی، وہ بھی انہی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ٹیم میں مثالی کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔