پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے کل شروع ہونے والے انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ کی انعامی رقم کا اعلان کردیا ہے۔
نیشنل انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ میں 20 لاکھ روپے تک کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ 21روزہ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو10 لاکھ اور رنرزاپ کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، وکٹ کیپر اور باؤلر کو 50،50 ہزار روپےملیں گے۔ میچ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑی کو10 ہزار روپے دیئے جایئں گے۔
ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے ایونٹ میں سندھ انڈر19 کرکٹ ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
انڈر19 کھلاڑیوں کی کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز 13 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی انڈر19 ٹیمیں 5 نومبر سے نیشنل انڈر19 تھری ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ سے قبل کرکٹ ایسوسی ایشنز کے انڈر 19 سکواڈز میں شامل مجموعی119 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث تمام ٹیمیوں کو بائیو سکیور ماحول میں رکھا جائے گا۔
بلوچستان کی جانب سے انڈر19 کرکٹ ٹیم کی کپتانی محمد ابراہیم، وسطی پنجاب محمد ہریراہ، خیبرپختونخوا عباس علی، شمال رضا المصطفیٰ، سندھ صیم ایوب اور جنوبی پنجاب کی کپتانی محمد شہزاد کریں گے۔