قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کہتے ہیں کہ 2011کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کو شکست دینے کا اچھا موقع ضائع کیا، مصباح الحق کو جیت کے لیے درکار رنز کا اوسط لےکر چلنا چاہیے تھا۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے ورلڈ کپ 2011 کے سیمی فائنل میں سلو بیٹنگ کی جس کی وجہ سے بھارت کو شکست دینے کا اچھا موقع گنوا دیا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھاکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم جیت کا ایک اچھا موقع مس کر گئے ،مصباح نے میچ میں سیٹ ہونے کےلیے بہت وقت لیا، گوکہ یہ ان کا انداز ہے اور وہ میچ کو آخر تک لے کر جانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن اس وقت صورت حال ایسی تھی کہ تیزی سے اسکور کیا جاتا تو نتیجہ بدل سکتا تھا۔
بعد ازاں شاہد آفریدی نے اپنے انٹرویو کے حوالے سے وضاحتی بیان میں کہا کہ ورلڈ کپ 2011 سیمی فائنل کی ناکامی کی وجہ بیٹنگ کا نہ چلنا تھا ، مجھ سمیت ٹیم کاکوئی بیٹسمین ہدف کےتعاقب کا پریشربرداشت نہیں کرپایاتھا،کسی بھی فرد واحد کو شکست کا ذمے دار نہیں ٹھہرایا۔
خیال رہے کہ 2011 کےکرکٹ ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان بھارتی شہر موہالی میں کھیلا گیا تھا اور اس میں پاکستان کو 29 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
میزبان بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم 231 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے مصباح الحق نے 76 گیندوں پر56، یونس خان نے 32 گیندوں پر 13 جب کہ کپتان شاہد آفریدی نے 17 گیندوں پر 19 رنز بنائے تھے۔