بابر اعظم کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شائقین کی کمی کھٹکنے لگی جب کہ سرفراز احمد اور شان مسعود نے گھروں میں بیٹھ کر سپورٹ کی اپیل کردی۔
کورونا کی وجہ سے قومی ٹی ٹورنامنٹ بند دروازوں کے پیچھے کھیلا جائے گا، پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ کرکٹ تو کھیل ہی فینز کا ہے جو ہر اچھے اور برے دن ہماری حوصلہ افزائی کرتے ہیں، اس مرتبہ بند دروازوں کے پیچھے میچز کے دوران ہمیں شائقین کرکٹ کی کمی شدت سے محسوس ہوگی مگر وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو گھروں میں ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر بھی دیکھ سکتے ہیں۔
سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ پاکستان کا ایک اہم ٹورنامنٹ ہے، شائقین کرکٹ کا اسٹیڈیم میں داخلہ نہیں ہوگا تاہم پرستاروں سے درخواست ہے کہ وہ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے گھروں میں ٹی وی اسکرین کے سامنے بیٹھیں اوراپنے فیورٹ کرکٹرز کو کھیلتا دیکھیں، خصوصی طور پر نئی نسل سے درخواست ہے کہ اپنی پڑھائی کے ساتھ ٹورنامنٹ کو بھی سپورٹ کریں۔
سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ وطن واپس آنے کی سب سے زیادہ خوشی یہی تھی کہ پرستار حوصلہ افزائی کیلیے موجود ہونگے، مگر بدقسمتی سے اس بار کورونا کے باعث ڈومیسٹک ٹورنامنٹ دیکھنے کیلیے شائقین اسٹیڈیم میں نہیں آسکتے، بہرحال گھروں میں بیٹھ کر سپورٹ کریں، وہ وہاں دلوں میں موجود ہونگے۔
حارث رؤف نے کہا کہ فینز میدان میں موجود ہر کھلاڑی کا حوصلہ بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، شائقین کا شور کسی بھی پیسر کے جوش میں اضافہ کرتا ہے، اس بار کمی شدت سے محسوس ہوگی۔