قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل اور سابق اوپنر عمران فرحت نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا۔
قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عمر گل اور سابق اوپنر عمران فرحت رواں ماہ نیشنل ٹی 20 کپ کے بعد کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے، دونوں کھلاڑیوں کو بہترین انداز میں الوداع کیا جائے گا۔
عمر گل کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ دونوں سے ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں اور نیشنل ٹی 20 کپ کے درمیان یا آخر میں ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کردیں گے۔
واضح رہے کہ عمر گل نے 47 ٹیسٹ، 130 ون ڈے میچز اور 60 ٹی ٹوینٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی، وہ پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے ممبر ہیں اور اب کوچنگ سے وابستہ ہونا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب عمران فرحت کا کہنا ہے کہ اب کوچنگ کے پروفیشن سے جڑنے کا فیصلہ کیا ہے، نیشنل ٹی 20 کپ کا پورا سیزن کھیلوں گا نہیں اس کا فیصلہ ابھی نہیں کیا۔
عمران فرحت کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ نوجوانوں کو آگے لائیں، کوچنگ کی پیشکش پہلے سے ہیں لیکن مکمل تیاری کے ساتھ اس میں آنا چاہتا ہوں۔
یاد رہے کہ عمران فرحت نے 40 ٹیسٹ ، 58 ون ڈے اور 7 ٹی ٹونٹی میچز میں ملکی نمائندگی کی، انہوں نے 222 فرسٹ کلاس میچز بھی کھیلے ہیں۔