پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ بیٹنگ کوچ یونس خان کی خدمات سے مستقبل میں بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو مستقبل میں سسٹم کا حصہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے، یونس خان کی خدمات کی تفصیلات طے کی جارہی ہے۔
پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ سابق کپتان یونس خان جلد پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان سے ملاقات کریں گے، آئندہ ہفتے ممکنہ ملاقات میں یونس خان کے رول کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان سے بیٹنگ کوچ سمیت ایج گروپ ٹیموں کے لیے خدمات لیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے دورہ انگلینڈ کے لیے یونس خان کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے اپنے ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں، انگلینڈ کے مشکل دورے میں ملک کی نمائندگی میرے لیے اعزاز ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ یونس خان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔