پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے۔
شاہین آفریدی نے یہ کارنامہ کاؤنٹی کرکٹ میں ہمپشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے انجام دیا۔
ساؤتھمپٹن میں ہونے والے میچ میں شاہین آفریدی بھرپور فارم میں دکھائی دیے اور مڈل سکس کے بیٹسمینوں کو بے بس کیے رکھا، انہوں نے 19 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو بولڈ کیا۔
شاہین آفریدی نے آخری 4 وکٹیں 4 مسلسل گیندوں پر حاصل کیں اور نہ صرف اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی بلکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرنے کا منفرد کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر ساتویں کھلاڑی بن گئے۔
ٹی ٹوئنٹی میں اس سے قبل افغانستان کے راشد خان اور سری لنکا کے لیستھ ملنگا انٹرنیشنل مقابلوں میں جب کہ ویسٹ انڈیز کے آندرے رسل نے انڈیا اے کے خلاف، بنگلادیش کے الامین حسین، انڈیا کے ابھی مانیو متھی اور جیمز الینبی نے مختلف ڈومیسٹک مقابلوں میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
پاکستان کے عامر یامین ٹی 10کرکٹ میں 4گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جب کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں پاکستان کے علی گوہر، فضل اکبر، کامران حسین، خالد عثمان، تابش خان اور تاج ولی بھی چار گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔