پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک سسٹم نے سینکڑوں کھلاڑیوں کو بے روزگار کردیا؛ محمد حفیظ

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ

 قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کا بیڑہ اٹھالیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کے نئے ڈومیسٹک سسٹم نے سینکڑوں کھلاڑیوں کو بے روزگار کردیا اور کرکٹرز آن لائن ٹیکسی چلانے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی آبادی ہم سے کم ہیں لیکن وہاں 22 سے 23 ٹیمیں ڈومیسٹک کھیلتی ہیں، ہمارے ملک میں 22 کروڑ کی آبادی ہے اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرکے 6 ٹیمیں بنانا سمجھ سے بالاتر ہے۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو کلب لیول سے آگے جانے پر فنانشل سپورٹ کی ضرورت ہوتی ہے وہ کون فراہم کرے گا، ابھی جو سسٹم بنایا گیا ہے اس سے 190 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے وہ تمام اچھے کھلاڑی ہیں لیکن نئے آنے والے نوجوانوں کو کون دیکھے گا۔

سابق کپتان نے کہا کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے کردار کو سپورٹ کرتا ہوں اور جب تک اس کا متبادل نہ ہو تو اسے ختم کرنے کے بجائے ساتھ لے کر چلنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپارٹمنٹل کرکٹ کو ختم کرنا کرکٹرز کے لیے تکلیف دہ ہے اس وقت کھلاڑی آن لائن ٹیکسی چلانے اور مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، وہ ہمارے ساتھی ہیں میرے دل میں ان کے لیے ہمدردی ہے، امید کرتا ہوں وزیراعظم عمران خان وقت دیں گے اور میں ان سے مل کر ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے لیے بات کروں گا۔

محمد حفیظ نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں سینئر کھلاڑیوں کو آرام دے کر نوجوان کرکٹرز کو موقع دینا چاہئے، انہوں نے بابر اعظم کو مشورہ دیا کہ وہ اوپننگ کے بجائے نیچے کے نمبروں پر بیٹنگ کریں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet