ٹیموں کی رینکنگ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 3 میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں شکست دیکر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
انگلش ٹیم نے کینگروز کو سیریز میں شکست سے دوچار کیا لیکن تیسرے میچ میں شکست کے بعد بلیو کیپس پہلے سے دوسرے نمبر پر آگئے ہیں، بھارت کی تیسری پوزیشن ہے جب کہ پاکستان کی چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔
جنوی افریقا پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، سری لنکا ساتویں، بنگلا دیش آٹھویں اور ویسٹ انڈیز نویں نمبر پر براجمان ہے جب کہ افغانستان کی ٹیم دسویں نمبر پر موجود ہے۔
بلے بازوں کی نئی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے مطابق انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کی پہلی پوزیشن چھین لی ہے۔
طویل عرصے تک پہلی پوزیشن پر برقرار بابر اعظم دوسرے نمبر پر آگئے ہیں جب کہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ تیسرے، بھارت کے لوکیش راہول چوتھے نمبر پر موجود ہیں، بھارتی کپتان ویرات کوہلی اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں پاکستان کے عماد وسیم اور شاداب خان ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان پہلے اور مجیب الرحمان دوسرے نمبر پر موجود ہیں جب کہ عماد وسیم اور شاداب خان بالترتیب آٹھویں اور نویں نمبر پر موجود ہیں۔
آل راؤنڈرز کی فہرست میں ٹاپ ٹین کھلاڑیوں میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی شامل نہیں، اس فہرست میں افغانستان کے محمد نبی کا پہلا ،آسٹریلیا کے گلین میکسویل کا دوسرا جب کہ زمبابوے کے سین ولیمز کا تیسرا نمبر ہے۔
اس فہرست میں پاکستان کے محمد حفیظ 12 ویں جب کہ عماد وسیم 17 ویں نمبر پر موجود ہیں۔