پی سی بی کے مطابق دو سو آٹھ میچوں پر مشتمل ڈومیسٹک سیزن کا آغاز قومی ٹی ٹونٹی کپ سے شروع ہوگا۔ فرسٹ الیون کے میچز تیس ستمبر سے اٹھارہ اکتوبر تک راولپنڈی اور ملتان میں جبکہ سیکنڈ الیون کے تمام میچ یکم اکتوبر سے آٹھ اکتوبرتک لاہور میں ہونگے۔
اعلامیہ کے مطابق قومی انڈرنائنٹین کرکٹ کے مقابلے تیرہ اکتوبر سے انتیس نومبر تک لاہور، مریدکے اورشیخوپورہ میں ہوں گے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کورونا ایس او پیز کے تحت قائداعظم ٹرافی کے تمام میچز کراچی میں کھیلیں جائیں گے۔ قائداعظم ٹرافی کے فرسٹ کلاس میچز پچیس اکتوبر سے کراچی میں شروع ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سربراہ کرکٹ کمیٹی اقبال قاسم کا استعفیٰ منظورکرلیا۔
پی سی بی کے ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ اقبال قاسم کے متبادل کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی اقبال قاسم کی بطور کھلاڑی اور ایڈمنسٹریٹر خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
ہم نیوز کے مطابق پی سی بی کی جانب سے پیش کیے جانے والے استعفے کو منظور کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کرتے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی ایک مشاورتی باڈی ہے۔ کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ چیئرمین پی سی بی کو کرکٹ سے متعلق امور پر مشورہ دیتی ہے۔