تفصیلات کے مطابق بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) وسیم خان کی منظوری سے پاکستان جونیئر کرکٹ ٹیم اور قومی ویمن ٹیم کی کوچنگ کرنے والے سندھ کے ہیڈکوچ اعظم خان کو مستقل ملازمت سے برخواست کر دیا گیا جبکہ انڈر 13 اور ویمن کرکٹ کے کوچز اور اسسٹنٹ کوچز کے ناموں کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔
دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) میں ملازم سابق ٹیسٹ کرکٹر فیصل اقبال کو بلوچستان فرسٹ الیون کا کوچ بنا دیا گیا،اسی ادارے کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے تبصرہ نگار غلام علی کو سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی جگہ سندھ سیکنڈ الیون کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ایتھک کوڈکے مطابق پہلے ہی سے کسی ادارے سے وابستہ پی سی بی کا ملازم نہیں بن سکتا۔ کرکٹ کے حلقوں نے اس امر پر بھی حیرت کا اظہار کیاکہ کبیر خان، ارشد خان اور توصیف احمد جیسے تجربہ کار کوچز سے فائدہ اٹھانے کے بجائے ان کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی گئی۔