پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ سابق کپتان وسیم اکرم کی بطور کمنٹیٹر کھلاڑیوں پر تنقید کے باعث ناراض ہو گئی ہے اور دبے الفاظ میں بورڈ حکام سے گلہ بھی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان وسیم اکرم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کرکٹ کمیٹی کے اہم رکن ہیں اور بطور کمنٹیٹر کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہیں جبکہ انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران کپتان اظہر علی اور ٹیم ممبران کی غلطیوں پر سخت باتیں کر چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے دبے الفاظ میں بورڈ حکام سے گلہ کیا ہے کہ کرکٹ کمیٹی کے ممبر ہونے کے ناتے سابق کپتان کونرمی سے بات کرنی چاہئے۔ اس وقت وسیم اکرم کرکٹ کمیٹی کے واحد رکن ہیں جو اپنی رائے کا اظہار کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کرکٹ کمیٹی کے دیگر ممبران نے چپ کا روزہ رکھا ہوا ہے اور صرف وسیم اکرم ہی بولتے ہیں۔ جس پر ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑی نالاں ہیں، تاہم بورڈ حکام نے انہیں دلاسہ دیا ہے کہ وہ اس معاملے پر وسیم اکرم سے بات کریں گے۔