افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر کابل محمد یعقوب حیدری نے اعلان کیا کہ ہفتے سے کابل میں 21 روز کے لیے لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران وزارت صحت اور بلدیات کے علاوہ حکومتی ادارے بھی بند رکھے جائیں گے۔
گورنر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، اجتماعات منسوخ کردیں اور سماجی میل جول بند کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہری انتہائی ضرورت کے تحت گھر سے نکل سکتے ہیں تاہم بلا وجہ گھروں سے نہ نکلیں،دکانیں اور کاروباری مراکز بند رکھیں اور مجمع نہ لگائیں۔
پبلک ہیلتھ منسٹر فیروز الدین فیروز نے کہا کہ کابل میں بہت بڑی آبادی ہے اور یہاں تیزی سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے لہذا احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں اور لاک ڈاون کی صورتحال میں حکومتی ہدایات پر عمل کیا جائے۔