اٹلی میں صورتحال اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر کورونا وائرس سے 600 سے 700 لوگ موت کے منہ میں جارہے ہیں تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ اب اٹلی میں متاثرہ افراد کی تعداد اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے ہلاکتوں کا گراف بتدریج نیچے کی طرف جانا شروع ہوگیا ہے۔
کورونا وائرس کے آغاز سے اب تک اٹلی کے لیے خوفناک ترین دن 21 مارچ کا تھا جب 6557 نئے کیسز سامنے آئے اور اسی روز ریکارڈ 793 لوگ موت کے منہ میں چلے گئے۔
تاہم اس کے بعد 22، 23 اور 24 مارچ کو نئے کیسز اور اموات کا گراف نیچے آتا دکھائی دے رہا ہے۔ 22 مارچ کو 651، 23 مارچ کو 601، 24مارچ کو 743 اور پھر 25 مارچ کو 683 لوگ لقمہ اجل بنے۔ اٹلی کے حساب سے تو یہ تعداد کمی کی طرف گامزن ہے البتہ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں یہ تعداد اب بھی بہت زیادہ ہے۔
اٹلی میں اب تک 74 ہزار 386 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے 9 ہزار 362 افراد صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 7 ہزار 503 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
اس کے باوجود یہ خیال کیا جارہا ہے کہ اٹلی میں عالمی وبا کورونا وائرس اپنے عروج پر پہنچ چکا اور اب یہ نیچے کی طرف جائے گا۔
اٹلی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے دو ہفتے قبل ملک بھر میں مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا تھا جس کا اثر اب سامنے آنے لگا ہے تاہم سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ اٹلی میں کورونا وائرس اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے۔