وسیم اکرم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بارش میں ڈوبے کراچی کی ویڈیوز اور متاثرین کی بیچارگی دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ شہر کو ایک بار پھر ڈوبا دیکھنے پر کوئی حیرت نہیں ہوئی۔
Seeing the footage of Karachi underwater and my heart goes out to all affected. I can’t say I’m not surprised that this has happened yet again. A wake up call? No it’s a problem that needs to be addressed period! We need to fix our beautiful city
— Wasim Akram (@wasimakramlive) July 26, 2020
ان کا مزید کہنا تھا کہ کیا بارش میں ڈوبے کراچی کی یہ حالت ہمیں نیند سے جگانے کی گھنٹی ہے؟۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ کراچی میں نکاسی آب حل طلب مسئلہ ہے، ہمیں اپنے خوبصورت شہر کو دوبارہ ٹھیک کرنا ہوگا۔
دوسری جانب سابق کپتان وسیم اکرم کے ٹوئٹ پر وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ میں اپنے پڑوسی وسیم اکرم کو دعوت دیتا ہوں کہ میرے ساتھ شہر کا دورہ کریں۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ وسیم اکرم کراچی کی سڑکوں کا جائزہ لیں اور دیکھیں کس طرح پانی کا نکاس کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم اگر آپ مخلص ہیں تو شہر کا دورہ ضرور کریں گے اور اگر آپ نے سنی سنائی باتوں پر بیان دیا ہے تو آپ سے زیادہ غیر ذمہ دار کوئی نہیں ہے۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ وسیم اکرم کے غیر ذمہ دارانہ بیان نے عوام کو مایوس کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو نے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔