چیئرمین پی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ ایشیاکپ کا التوا اورآئندہ انعقاد سے متعلق تمام رکن ممالک میں اتفاق ہے، ایونٹ کے ملتوی ہونے سے پاکستان کو زیادہ مالی نقصان نہیں ہوگا کیونکہ ایشیاکپ سےچھوٹےایشیائی مالک کوفنڈزجاتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ بھارت ہم سےاپنی حکومت کی پالسی کی وجہ سے نہیں کھیلتا جب کہ ہم اپنی پلاننگ میں بھارت سے کوئی باہمی سیریز نہیں رکھتے۔
کورونا وائرس کے باعث ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ 2020 ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا، پاکستان نے رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ کی میزبانی کرنا تھی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے فیصلے پر چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ ایشیا کپ کی منسوخی کے پیچھے کوئی سیاست نہیں ہے، ایشیا کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ وبائی بیماری کے سبب کیا گیا ہے، ایشین کرکٹ کونسل آئندہ سال ایونٹ کے انعقاد پرغورکررہی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان 2022 میں ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا۔
یاد رہے ایشیا کپ 2020 کی میزبانی کے لیے پی سی بی نے سری لنکا کو مشروط پیش کش کی تھی، پی سی بی نے اے سی سی کے اجلاس میں پیشکش کی تھی کہ کورونا کے باعث پاکستان، یواے ای میں ٹورنامنٹ کا انعقاد کرانا ممکن نہیں ہے۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ خطے میں سری لنکا میں سب سے کم کورونا کیسز رپورٹ ہوئے اورسری لنکا میں کرکٹ سرگرمیاں ایس او پیز کے تحت بحال ہوچکی ہے، موجودہ حالات میں سری لنکا موزوں ترین مقام ہے۔