قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولرنسیم شاہ کا کہنا ہے کہ کوکوبرا بال خراب جلد ہوجاتا ہے زیادہ سوئنگ اور سیم نہیں ہوتا، ڈیوک بال جب تنگ کرنے پر آئے تو بہت تنگ کرتاہے۔
نوجوان فاسٹ بولر نے کہاکہ تین ماہ بعد پریکٹس میچ ملا جو کھیل کر بہت اچھا لگا، ووسٹر میں موسم بہت اچھا ہے، ڈیوک بال کی وجہ سے سوئنگ بھی ملی۔
نسیم شاہ نے کہا کہ سویٹر اور گلاسز امپائرز کو نہ دینے کی پریکٹس کررہے ہیں، موسم کی وجہ سے فیلڈرز کو پسینہ نہیں آتا بولرز کو ہی پسینے سے گیند چمکانا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت کوشش کرتے ہیں کہ بال کوتھوک سے نہ چمکائیں، پسینے کے ساتھ بال شائن ہوتا رہے تو اچھا ہے۔
دوسری جانب فاسٹ بولر محمد عباس نے کہاکہ سیریز سے پہلے بھجوانے کا فیصلہ اچھا ہے، کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا بہت فائدہ رہا۔
محمد عباس نے مزید کہا کہ پہلا دن تھا میچ کا اس لیے مشکل رہا کیونکہ اب سوئیٹر اور کیپ سب خود ہی باؤنڈری پر جا کر چھوڑنا پڑتا ہے اور مڈ آف مڈ آن پر فیلڈنگ کرنا پڑتی ہے جو کہ تھوڑا مشکل ہے۔
خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے انگلینڈ میں موجود ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 5 اگست کو اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔