آئی سی سی ایونٹ کی جگہ آئی پی ایل کو ترجیح دی گئی تو کرکٹ کو نقصان ہوگا: انضمام الحق

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی کرکے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کرائی گئی تو سوال جنم لیں گے۔

اپنے بیان میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ اگرایک ملک لاک ڈاؤن میں آئی پی ایل کراسکتا ہے تو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیوں نہیں ہوسکتا، آئی سی سی ایونٹ اور سیریزکی جگہ پرائیوٹ لیگ کو ترجیح دی گئی تو کرکٹ کو نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ مل کرمیزبانی کریں تو ممکن ہوسکتا ہے لیکن پرائیوٹ لیگ کو انٹرنیشنل کرکٹ پرفوقیت نہیں دینی چاہیے اور پرائیوٹ لیگ کوفوقیت دینے کا تاثر بھی نقصان دہ ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ کی تاریخوں پر بھی اعتراضات شروع ہوگئے ہیں، آئی سی سی اور اے سی سی انٹرنیشنل کرکٹ کو اہمیت دے کیونکہ تھوڑے مفاد کے لیے بعد کے نقصانات زیادہ ہوتے ہیں لہٰذا سارے کرکٹ بورڈ کو مل کر اس بار ے میں سوچنا چاہیے۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک آسٹریلیا میں شیڈول ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے میگا ایونٹ کو ملتوی کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں جب کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے بس باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet