قومی ٹیم کے 29 کھلاڑیوں اور دیگر 14 عہدیداروں سمیت 43 اراکین کے ٹیسٹ ان کے متعلقہ شہروں میں ہوں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کی روانگی انگلینڈ کی جانب سے چارٹر کیے گئے طیارے میں 28 جون کو متوقع ہے۔
انگلینڈ پہنچنے کے بعد قومی ٹیم برمنگھم میں 14 روزہ قرنطینہ میں رہے گی جس کے بعد تربیتی کیمپ شروع ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کا کووڈ-19 ٹیسٹ لاہور، کراچی، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورہ انگلینڈ کے لیے 29 رکنی ٹیم کا اعلان 12 جون کو کیا تھا جس میں سابق کپتان سرفراز احمد کی واپسی ہوئی تھی اور نوجوان بلے باز حیدر علی کو بھی شامل کرلیا گیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ٹیم کا اعلان کیا تھا۔
ٹیم میں اظہر علی (کپتان ٹیسٹ ٹیم)، بابر اعظم (کپتان قومی ٹی20 ٹیم)،عابد علی، فخر زمان، شان مسعود، امام الحق، اسد شفیق، فواد عالم، حیدر علی، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد رضوان، سرفراز احمد، فہیم اشرف، حارث رؤف، عمران خان، محمد عباس، محمد حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، سہیل خان، عثمان شنواری، وہاب ریاض، یاسر شاہ، عماد وسیم، کاشف بھٹی اور شاداب خان شامل ہیں۔
قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کی سیریز کھیلے گی اور دورے کا آغاز 5 اگست کو پہلے ٹیسٹ میچ سے متوقع ہے۔
طے شدہ شیڈول کے مطابق پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ 5 سے 9 اگست تک مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 13 سے 17 اگست جبکہ تیسرا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔
ٹیسٹ سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی اور تینوں میچز اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں بالترتیب 28 اگست، 30 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہوں گے۔