پاکستانی کرکٹر وہاب ریاض نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ بہت غیر معمولی صورتحال میں ہو رہا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیلیفون کر کے ٹیسٹ میچز کے لیے دستیابی کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور متبادل کھلاڑی اگر میری ضرورت پڑی تو قومی ٹیم کی نمائندگی کروں گا کیونکہ میں نے ہمیشہ پاکستان کے لیے کھیلنے کو ترجیح دی ہے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ہم نے گھر میں رہ کر بھرپور پریکٹس کی ہے اور اگر سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا تو کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں نے سال پہلے ٹیسٹ کرکٹ سے بریک لی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی واپس نہیں آسکتا اور میں ایسی صورتحال میں پی سی بی کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہوں۔ ہمیں نوجوان کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا ہو گا۔
قومی کرکٹر نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر ٹیسٹ کھیلنے کی حامی بھرنے کا ایک مقصد نوجوانوں کے لیے مثال قائم کرنا ہے۔
سال 2009 سے 2018 تک ہم نے دبئی میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے اور اس دوران سعید اجمل سمیت دیگر اسپنر ڈومینیٹ کرتے تھے۔
واضح رہے کہ وہاب ریاض نے گزشتہ سال اگست میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ سال ستمبر میں وہاب ریاض نے ہر طرح کی کرکٹ سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے غیر معینہ مدت تک کے لیے آرام کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ اپنی گزشتہ کارکردگی کو سامنے رکھ کر کیا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ محدود اوورز کی کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ محدود اوورز کی کرکٹ سے مجھے اپنی فٹنس جانچنے کا موقع بھی ملے گا۔