زیر تعمیر منصوبے کے لیے بچھائی جانے والی پائپ لائن میں 6 مزدور ہلاک، افسوس ناک خبر آگئی

کھدائی کرنے والے مزدور
سعودی عرب کے شہر ریاض میں ایک زیر تعمیر منصوبے کے لیے بچھائی جانے والی پائپ لائن میں 6 مزدور ہلاک ہوگئے۔

عرب میڈیا کے مطابق ریاض ریجن میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ محمد الحمادی کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعہ گزشتہ روز ریاض کے جنوب میں واقع العزیزیہ محلے میں پیش آیا، اطلاع ملی تھی کہ زیر زمین بچھائی جانے والی پائپ لائن میں کام کرنے والے 6 مزدوروں سے رابطہ نہیں ہورہا۔

انہوں نے کہا کہ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں تو معلوم ہوا کہ زیر تعمیر منصوبے کو پانی فراہم کرنے کے لیے 400 میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جارہی ہے جس کا قطر ایک میٹر ہے۔

 شہری دفاع کے ترجمان کے مطابق منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی کے 6 مزدور زیر زمین بچھائی جانے والی پائپ لائن میں کام کررہے تھے کچھ دیر کے بعد ان سے رابطہ منقطع ہوگیا، جب کافی دیر تک رابطہ نہیں ہوسکا تو شہری دفاع کی امدادی ٹیموں کو اطلاع دی گئی۔

محمد الحمادی کا کہنا ہے کہ شہری دفاع کی امدادی ٹیموں نے پائپ لائن کے اندر انہیں تلاش کرنا شروع کیا تو معلوم ہوا کہ 360 میٹر دور 6 مزدور بے ہوشی کی حالت میں پڑے ہیں، مزدوروں کو باہر نکال کر ہوش میں لانے کی کوشش کی گئی مگر اس وقت تک وہ انتقال کرچکے تھے۔

 ترجمان شہری دفاع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش جاری ہے، ہلاکتوں کے اسباب اور مزدوروں کی سلامتی کے لیے اختیار کیے جانے والے ضابطوں کا معائنہ کیا جارہا ہے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet