قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کس کے انداز میں کوچنگ کریں گے؟ اہم بیان سامنے آ گیا

قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان
دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے کہا ہے کہ وہ اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کو منتقل کرنے کی کوشش کریں گے او باب وولمر کے انداز میں کھلاڑیوں کی کوچنگ کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کردیا ہے۔

بدھ کو آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یونس خان نے ٹیم کے ساتھ جڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستان نے بہت عزت اور شہرت دی اور میں سمجھتا ہوں کہ میں عمر کے اس حصے میں ہوں جہاں میں نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے تجربات سے سکھا سکتا ہوں تاکہ میں پاکستان کو کچھ واپس دے سکوں۔

سابق کپتان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے میری حدود کے بارے میں بتا دیا گیا کہ مجھے کیا کام کرنا ہے، میں ان لوگوں میں سے ہوں جو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا اپنی اخلاقی ذمے داری سمجھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں جب کپتان تھا تو میری قیادت چھوڑنے کی وجہ بھی یہی تھی کہ کیونکہ میری سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ اعجاز بٹ سے یہی بات ہوئی تھی کہ آپ مجھے 2011 ورلڈ کپ تک کپتان بنانے کا اعلان کریں گے اور اگر ٹیم میری قیادت میں کارکردگی نہیں دکھا سکی تو میں قیادت چھوڑ دوں گا اور بالکل ایسا ہی ہوا۔

یونس نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ میرے پاس بالکل ٹائم نہیں ہے، اگر ہم چاہیں تو ایک دو دن میں بھی کافی چیزیں بہتر کر سکتے ہیں، میری کوشش ہو گی کہ اپنے بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ کم سے کم وقت میں نوجوانوں کو منتقل کر سکوں لیکن موجودہ حالات میں ایس او پیز کی وجہ سے تھوڑی مشکل ہو گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے اور مصباح الحق نے ویسٹ انڈیز میں سیریز جیتنے کے بعد فتح کے ساتھ کیریئر کا اختتام کیا تھا اور اس سلسلے کو وہیں سے جوڑنا چاہوں گا جہاں یہ سلسلہ ختم ہوا تھا۔

مستقبل میں پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ بننے کے حوالے سے سوال پر یونس نے کہا کہ میرے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں اتنی جلدی بڑی پوزیشن سنبھالنا قبل از وقت ہو گا کیونکہ فرنچائز اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے مقابلے میں بین الاقوامی کرکٹ میں کوچنگ بہت مختلف ہے۔

یونس خان نے کہا کہ اظہر علی اور اسد شفیق کی صلاحیتوں پر کسی کو شک نہیں اور میری اور مصباح کی موجودگی میں انہوں نے بعض اوقات ہم سے بہتر کارکردگی دکھائی اور میں ان کی فارم میں واپسی اور اعتماد کی بحالی کے لیے کوشش کروں گا۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 10 ہزار رنز بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ میں کھلاڑیوں کی اسی طرح کوچنگ کروں جیسے باب وولمر ہماری کوچنگ کرتے تھے، وہ اپنے گُر ہمارے اسٹائل میں ہی ہمیں سکھاتے تھے۔

یونس نے کہا کہ میں نے باب وولمر سے سیکھا کہ کس طرح وہ انضمام الحق، یونس خان، محمد یوسف، کامران اکمل، عبدالرزاق اور شاہد آفریدی سے کام کرواتے تھے اور کس طرح سے کھلاڑی سے تکنیک کو چھیڑے بغیر کام لے سکتے ہیں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet