8 سالہ ملازمہ کا بہیمانہ قتل، باکسرعامر خان اور ان کی اہلیہ نے اہم بیان جاری کردیا

 باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ
پاکستانی نژاد باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ نے مالکان کے تشدد سے دم توڑنے والی کمسن ملازمہ کے اہلخانہ کےلیے امداد کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم نے بھی 8 سالہ ملازمہ زہرہ شاہد کے بہیمانہ قتل کے خلاف آواز بلند کردی ہے، جس کی غلطی سے پرندے اڑا دینے پر مالکان نے تشدد کرکے جان لے لی تھی۔

عامر خان نے انسٹاگرام پر ’عامرخان فاونڈیشن‘ کے رضاکاروں کی زہرہ شاہد کے اہلخانہ سے ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا زہرہ کو انصاف ضرور ملے گا۔

کم عمر ترین باکسنگ چیمپئن نے کہا کہ مقتولہ کے بہن بھائیوں کے تعلیم کا خرچہ ہماری این جی او اٹھائے گی تاکہ انہیں بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہونے کا موقع مل سکے۔

عامر کا کہنا تھا کہ مقتولہ زہرہ شاہد کے اہلخانہ نے رقم کے عوض پیچھے ہٹنے سے انکار کرتے ہوئے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچوانے اور انصاف کےلیے کسی بھی حد تک جانے کے عزم کا اظہار کیا۔

عامر خان نے مقتولہ زہرہ شاہد کے نام پر ’چائلڈ پروٹیکشن فنڈ‘ متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے مستقبل میں بچوں کی حفاظت کےلیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

کمسن ملازمہ کے اہلخانہ نے باکسر عامر کی جانب سے زہرہ شاہد کے نام پر ’چائلڈ پروٹیکشن فنڈ‘ متعارف کرانے پر شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ 3 جون کو راولپنڈی میں 8 سالہ گھریلو ملازمہ زہرہ ایک پنجرے کی صفائی کررہی تھی کے اس دوران پنجرہ اچانک کھلنے سے دو طوطے اڑ گئے جس پر حسان صدیقی اور ان کی اہلیہ نے طیش میں آکر بچی کو تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا، بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet