سعودی عرب نے ہوائی اڈے کھولنے سے متعلق عوام کو بڑی خبر سنادی، تفصیلات جانئے

سعودی عرب میں مزید پانچ ہوائی اڈے اندرون ملک پروازوں کیلئے کھول دیئے گئے ہیں
سعودی عرب میں مزید پانچ ہوائی اڈے اندرون ملک پروازوں کیلئے کھول دیئے گئے ہیں اور 21 جون کے بعد مملکت کے تمام ایئرپورٹس کھول دئیے جائیں گے۔

سعودی ایوی ایشن کے مطابق بشا، طائف، ینبع، حفرالباطن اور شروۃ کے لیے بھی پروازیں بحال ہو گئی ہیں۔ قبل ازیں 31مئی سے سعودی عرب کے 11داخلی ہوائی اڈوں کو کھولا گیا تھا۔

ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران کورونا وائرس سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے گا۔ دوران سفر فیس ماسک، سماجی فاصلہ اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد لازمی ہوگا۔

ایئرپورٹ پر مسافروں کو الوداع کہنے یا استقبال کرنے والوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ فلائٹ سے قبل مسافروں کو خصوصی ہدایات نامے میں درج ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا تاکہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

جہازوں میں سماجی فاصلے کے اصول کے تحت ایک سیٹ خالی چھوڑی جائے گی تاکہ کورونا سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:سعودی حکومت کا بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالے سے اہم بیان جاری

تمام مسافروں کیلئے ماسک اور دستانوں کا استعمال، ہاتھوں کو سینیٹائز کرنا اور درجہ حرارت کا معائنہ کروانا لازمی ہوگا۔ محکمہ شہری ہوابازی نے داخلی پروازوں سے سفر کرنے والوں کے لیے حفاظتی تدابیر پر مشتمل گائیڈ بک بھی جاری کی ہے۔

محکمہ شہری ہوا بازی نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ فلائٹ سے زیادہ سے زیادہ 2 گھنٹے قبل ایئر پورٹ پر پہنچیں۔ دستانے اور ماسک دوران پرواز اور جہاز سے اترنے کے بعد بھی استعمال کیے جائیں۔

ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ مسافر ہاتھوں کو مستقل طور پر سینیٹائز کرسکیں۔

سعودی عرب میں 21 مارچ سے اندرون ملک پروازوں پرکورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پابندی عائد کر دی گئی تھی جو اب کھولی دی گئی ہیں۔

 

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet