قومی ٹیم کا کپتان کون ہوگا؟ سفارشات چیئرمین پی سی بی کو ارسال

پاکستان کرکٹ ٹیم
پاکستان کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال میں نیا کپتان کون ہوگا اس حوالے سے سلیکشن کمیٹی نے ناموں کی سفارشات چیئرمین پی سی بی کو بھیج دی ہیں۔

گزشتہ سال ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے ٹیسٹ کے لیے شان مسعود اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنایا تھا۔

شاہین شاہ آفریدی کو رواں سال جون میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تک کے لیے قیادت کی ذمے داری سونپی گئی تھی تاہم وہ اپنے پہلے امتحان میں دورہ نیوزی لینڈ میں بدترین ناکامی سے دوچار ہوئے اور چار ایک سے سیریز گنوائی جس کے بعد پی ایس ایل 9 میں ان کی زیر قیادت دو بار کی چیمپئن لاہور قلندرز کی کارکردگی اتنی ناقص رہی کہ 10 میں سے صرف ایک میچ ہی جیت پائی۔

ناکام دورہ نیوزی لینڈ کے بعد پی ایس ایل نتائج کے بعد سے ہی قومی ٹیم کی قیادت کی تبدیلی کی باتیں گردش کرنے لگی تھیں اور گزشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپنی پریس کانفرنس میں کپتان کے حوالے سے جلد فیصلہ کرنے کا کہہ کر اس کو مزید تقویت دی تھی۔

اب ذرائع نے بتایا ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی نے کپتان کے لیے ناموں کی سفارشات چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو بھیج دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کی قیادت کے لیے شاہین شاہ اور محمد رضوان کے ساتھ سابق کپتان بابر اعظم کے نام زیر غور ہیں، تاہم کپتان کی تعیناتی کے حوالے سے حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر منظر عام پر آئی تھی پی سی بی حکام نے قیادت کے لیے بابر اعظم سے رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو پی سی بی اگر دوبارہ قیادت سونپنے کی پیشکش کرتا ہے تو وہ اس اہم ذمے داری کو قبول کرنے سے قبل پی سی بی سے بعض یقین دہانیاں چاہتے ہیں۔

واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم کا مصروف انٹرنیشنل سیزن آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان سے شروع ہو رہا ہے جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ جس کے بعد پاکستان پہلے انگلینڈ اور پھر آئرلینڈ کے خلاف مختصر دورانیے کی کرکٹ کی سیریز کھیلے گا۔

گرین شرٹس جون میں امریکا جائیں گے جہاں وہ امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے۔ ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت میچ 9 جون کو نیویارک میں ہوگا۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet