کیا بابراعظم کو دوبارہ قومی ٹیم کا کپتان بنایا جارہاہے؟ بڑی خبر سامنے آگئی

بابراعظم
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے پریس کانفرنس میں کپتان کے تقرر پر تبصرے کے بعد نئے کپتان سے متعلق افواہوں میں اضافہ ہو گیا، قومی ٹیم کی کپتانی کے حوالے سے سابق کپتان بابراعظم کا نام ایک بار پھر گردش کرنے لگا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے بااختیار حلقوں میں بابراعظم کو ایک مرتبہ پھر کپتان بنانے کی باتیں ہونے لگیں ہیں، پی سی بی کے عہدیداروں کے سابق کپتان سے رابطوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کی تربیتی کیمپ میں شرکت کیلئے ایبٹ آباد روانگی سے قبل بابر اعظم کی بورڈ حکام سے ملاقات کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتانا ہے کہ سابق کپتان کے قریبی ذرائع کے مطابق کپتان بنانے کے حوالے سے اطلاعات تو ملی ہیں تاہم بابراعظم نے کپتانی کی پیشکش قبول کرنے یا انکار کرنے سے متعلق ابھی ذہن نہیں بنایا ہے۔

قریبی ذرائع کے مطابق بابر اعظم کو اگر کپتانی کی پیشکش کی گئی تو وہ مختلف پہلوؤں پر بات کریں گے۔

گزشتہ برس نومبر میں سابق چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے بابراعظم کو کپتانی سے ہٹایا تھا جس کے بعد شاہین آفریدی کو قومی ٹی ٹوئنٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کپتانی کے فیصلے کا اختیار سلیکشن کمیٹی کو سونپا ہے۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم گزشتہ رات عمرے کی ادائیگی کے بعد لاہور پہنچے تھے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet