کیا آل راؤنڈر عماد وسیم ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لینے والے ہیں؟

عماد وسیم
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راونڈر عماد وسیم اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے معاملات طے پاگئے، عماد وسیم کا آج ریٹائرمنٹ واپس لینے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان وہ آج کرسکتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پی ایس ایل کے بعد عماد وسیم کو فون کیا اور انہیں ریٹائرمنٹ واپس لینے کا مشورہ دیا تھا۔

شاہین نے عماد سے کہا کہ پاکستان کو آپ کی ضرورت ہے، ہم چاہتے ہیں آپ پاکستان کی طرف سے کھیلیں۔

اس کے علاوہ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے بھی آل راؤنڈر عماد وسیم سے رابطہ کیا اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیں۔

ذرائع نے بتایا کہ عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کے حوالے سے مشورے کے لیے وقت مانگ لیا۔

اس کے علاوہ عماد نے اس سلسلے میں چیف سلیکٹر اور کپتان کو اپنی شرائط سے آگاہ کرتے ہوئے گارنٹی مانگ لی۔

واضح رہے کہ 66 ون ڈے اور 55 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عماد وسیم نے گزشتہ سال نومبر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

تاہم کیریبیئن پریمیئر لیگ میں بہترین کارکردگی کے بعد حال ہی میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں ان کے عمدہ کھیل کے بعد مختلف حلقوں نے ان سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا مطالبہ شروع کردیا۔

گزشتہ سال ستمبر میں ہونے والی کیریبیئن پریمیئر لیگ میں عماد وسیم 313 رنز کے ساتھ تیسرے کامیاب بلے باز رہے تھے جبکہ انہوں نے 14 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

حال ہی میں ختم ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں آل راؤنڈر نے اپنی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو لگاتار تین میچوں میں فتح دلا کر فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا اور پھر فائنل میں بھی 5 وکٹیں لینے کے ساتھ ساتھ اہم موقع پر دوسرے اینڈ پر ڈٹ کر کھڑے ہو گئے جس کی بدولت یونائیٹڈ نے تیسری مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

اس سال لیگ میں عماد کے 126 رنز اور 12 وکٹوں کے اعدادوشمار شاید ان کے فاتحانہ کردار سے انصاف نہ کر سکیں لیکن اس ٹورنامنٹ کے میچز کو براہ راست دیکھنے والے ناظرین و شائقین اس بات سے انکار نہیں کر سکیں گے کہ یہ اب تک پاکستان سپر لیگ کے کسی بھی ایڈیشن میں آل راؤنڈر کی سب سے بہترین کارکردگی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان اور قومی کرکٹر شاداب خان نے بھی گزشتہ دنوں کہا تھا کہ عماد وسیم کا شمار دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں ہوتا ہے اور انہیں ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے اسکواڈ میں لازمی ہونا چاہیے۔

ورلڈ کپ اس سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونا ہے اور وہاں اسپنرز کے لیے سازگار وکٹوں کو دیکھتے ہوئے وہاں عماد وسیم کا کردار انتہائی اہم ہو گا۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet