20 سال بعد پاکستان میں سہ ملکی کرکٹ سیریز کے انعقاد کا فیصلہ

20 سال بعد پاکستان میں سہ ملکی کرکٹ سیریز کا انعقاد ہو گا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ وہ 20 سال سے زائد عرصے کے بعد فروری 2025 میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے ساتھ ایک روزہ بین الاقوامی سہ ملکی سیریز کی میزبانی کرے گا۔

پی سی بی سے جاری بیان کے مطابق یہ پیشرفت چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی دبئی میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے کرکٹ بورڈ کے ہم منصبوں روجر ٹوز اور لاسن نائیڈو کے ساتھ ملاقات میں سامنے آئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ’میٹنگ کے ایجنڈے میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ون ڈے سہ ملکی سیریز شامل تھی، جو فروری 2025 میں پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے ٹھیک پہلے منعقد کی جائے گی۔‘

پی سی بی نے آخری بار اکتوبر 2004 میں سری لنکا اور زمبابوے کے ساتھ سہ ملکی سیریز کی میزبانی کی تھی۔

بیان میں کہا گیا کہ ’سہ ملکی سیریز کو حتمی شکل دی گئی اور میزبان اور دونوں ممبر بورڈز نے اس کا خیرمقدم کیا۔‘

چیئرمین پی سی بی نے روجر ٹوز اور لاسن نائیڈو کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

محسن نقوی نے کہا کہ سہ فریقی سیریز ایک ’پرجوش ایونٹ‘ ہوگا اور اس میں شرکت کے لیے رضامندی پر نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقی کرکٹ کے سربراہان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’پی سی بی، آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کا بھی منتظر ہے اور پاکستان کے لیے اپنی سرزمین پر 8 ٹاپ ون ڈے ٹیموں کی میزبانی کرنا بہت خوشی کی بات ہو گی۔‘

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے آئندہ ماہ بھی پاکستان کا دورہ کرے گی۔

شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

سیریز کے پہلے 3 میچز 18 اپریل، 20 اپریل اور 21 اپریل کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام 5 میچز رات 7 بجے شروع ہوں گے، پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز کے لیے ٹکٹوں کی قیمتیں سستے نرخوں پر مقرر کی جائیں گی تاکہ شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet