نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی اننگز کا ااغاز صائم ایوب اور بابراعظم نے کیا تاہم صائم ایوب صرف 1 رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔
51 کے مجموعی اسکور پر محمد حارث 22 رنز پر چلتے بنے جس کے بعد حسیب اللہ بھی محض 3 رنز بنانے کے بعد 57 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔
14 ویں اوور میں باباراعظم 46 رنز بناکر ہمت ہار بیٹھے۔ ٹام کوہلر 24 اور روومین پاول 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پال والٹر اور لیوک ووڈ 14، 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی طرف سے اسامہ میر اور کرس جورڈن نے 2، 2، عباس آفریدی، محمد علی اور ڈیوڈ ولی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آج کا میچ جیتنے والی ٹیم فائنل کیلئے کوالیفائی کرلے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کو فائنل تک رسائی کا ایک اور موقع ملے گا۔
آج کے میچ میں ہارنے والی ٹیم کو کل کوئٹہ اور اسلام آباد کے مابین ہونے والے ایلیمنیٹر ون میچ کی فاتح ٹیم سے ایلیمنیٹر ٹو میں مقابلہ کرنا پڑے گا اور یہاں جو ٹیم فاتح ہوئی وہ آج کا کوالیفائر میچ جیتنے والی ٹیم سے فائنل میں ٹکرائے گی۔
ملتان سلطانز لیگ مرحلے میں اپنے دس میچوں میں سے سات جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست رہی ہے جبکہ پشاور زلمی کو اپنے دس میں سے چھ میچز میں کامیابی حاصل ہوئی۔
دونوں ٹیمیں رواں ٹورنامنٹ میں دو بار مد مقابل آئی تھیں جس میں سے دونوں میچ میں پشاور زلمی فاتح رہی۔ پہلے میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 5 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں 4 رنز سے شکست دی تھی۔
ملتان سلطانز:
محمد رضوان (کپتان اور وکٹ وکیپر)، یاسر خان، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جورڈن، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد علی
پشاور زلمی:
صائم ایوب، بابر اعظم (کپتان)، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللہ خان، روومین پاول، پال والٹر، عامر جمال، لیوک ووڈ، مہران ممتاز، سلمان ارشاد