پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا میچ کولمبو میں کھیلا جائے گا جس کے لیے دونوں ٹیمیں اسٹیڈیم بھی پہنچ چکی ہیں۔
ماہرین موسمیات نے کولمبو میں آج پورا دن بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے لیکن اس کے باوجود کولمبو میں سورج نکلا ہوا ہے۔
اب ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر کولمبو کرکٹ گراؤنڈ کی تازہ ترین تصویر شیئر کی گئی ہے جس کے کیپشن میں درج ہے کہ کولمبو میں سورج نکلا ہوا ہے اور ہم سب بڑے میچ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بارش کی پیشگوئی کے باعث تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جس کو مد نظر رکھتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل نے پاک بھارت میچ کے لیے ریزور ڈے بھی رکھا ہے، اگر پاکستان ارو بھرت کا مچی آج مکمل نہیں ہوتا تو پھر اگلے روز میچ اسی جگہ سے دوبارہ شروع ہو گا جہاں رکا تھا۔
یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کے پہلے مرحلے کا میچ بھی بارش کے باعث مکمل نہیں ہو سکا تھا جس پر شائقین کرکٹ نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔