کیا بھارت پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے ڈرتا ہے؟ ایشیا کپ کا وینیو تبدیل نہ کرنے پر نجم سیٹھی کا سوال

کیا بھارت پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے ڈرتا ہے؟ ایشیا کپ کا وینیو تبدیل نہ کرنے پر نجم سیٹھی کا سوال
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے انکشاف کیا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو بتایا تھا کہ بارش کی پیشگوئی کی وجہ سے سپر فور میں ہونے والا پاک بھارت میچ کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا…

گزشتہ روز یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ کولمبو میں مسلسل بارش کی وجہ سے سُپر فور کے تمام میچز ہمبنٹوٹا میں ہوں گے، تاہم اس حوالے ایشین کرکٹ کونسل نے باضابطہ اعلان نہیں کیا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، 2 ستمبر کو کینڈی میں ہونے والے میچ میں بھارت کی بیٹنگ کے بعد پاکستان کی بیٹنگ نہیں ہوپائی تھی جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

اب پاکستان اور بھارت کا دوسرا میچ 10 ستمبر کو کھیلا جائے گا، اس اہم میچ کے حوالے سے چہ مگوئیاں تھیں کہ کولمبو میں بارش کی وجہ سے یہ میچ ہمبنٹوٹا میں ہوگا۔

اسی دوران سری لنکا میں برسات کے موسم میں ایشیا کپ کو شیڈول کرنے کے فیصلے پر اے سی سی کے صدر جے شاہ کو بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس کے علاوہ قبل ازیں یہ خبریں بھی گردش کررہی تھیں کہ جے شاہ، جو بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) میں سیکریٹری کے عہدے پر فائز ہیں، آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے شیڈول میں آخری لمحات میں تبدیلیاں کرنے میں ملوث رہے ہیں، اس حوالے سے جے شاہ کو کرکٹ کمیونٹی کی جانب سے تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

تاہم اب نجم سیٹھی کی ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک اور بحث چھڑ گئی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اور بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو بتایا تھا کہ بارش کی پیشگوئی کی وجہ سے سپر فور میں ہونے والا پاک بھارت میچ کولمبو سے ہمبنٹوٹا منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نےلکھا کہ ایک گھنٹے کے اندر ہی انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا اور میچ کولمبو میں ہی کروانے کا اعلان کر دیا۔

نجم سیٹھی نے سوال کیا کہ ہو کیا رہا ہے؟ کیا بھارت پاکستان سے کھیلنے اور ہارنے سے ڈرتا ہے؟

پی سی بی کے سابق چیئرمین نے اپنی پوسٹ میں آئندہ دنوں میں کولمبو اور ہمبنٹوٹا میں ہونے والی بارش کی پیشگوئی کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet