ورلڈ کپ کے ٹکٹس کب سے فروخت ہوں گے؟ آئی سی سی نے تاریخ کا اعلان کر دیا

آئی سی سی نے اعلان کیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے ٹکٹس کی فروخت کا آغاز 25 اگست کو ہوگا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے ٹکٹس کی فروخت کا آغاز 25 اگست کو ہوگا جبکہ ایونٹ کا آغا بھارت کے شہر احمد آباد میں 5 اکتوبر کو ہوگا۔

ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم بھارت کا پہلا میچ 8 اکتوبر کو چنائی میں آسٹریلیا کے ساتھ شیڈول ہے، جس کے بعد ورلڈ کپ کا سب سے اہم اور دلچسپ میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 14 اکتوبر احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرکٹ کے شائقین کو تمام میچوں کے ٹکٹس کے حصول کے لیے فوری رسائی حاصل نہیں ہوگی کیونکہ تمام مراحل میں ٹکٹوں کی فروخت ایک منظم انداز میں ہوگی۔

کرکٹ کے 50 اوورز کے میچوں کے ورلڈ کپ کا ابتدائی شیڈول جون میں جاری کیا گیا تھا، جس کے لیے پاکستان کی جانب سے ٹیم بھارت بھیجنے سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔

بعد ازاں 9 اگست کو شیڈول میں ردو بدل کیا گیا اور ورلڈ کپ کے آغاز سے دو ماہ قبل ہی بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے غیرملکی ٹیموں سے شیڈول میں تبدیلی کی درخواست کی تھی۔

نظرثانی کے بعد جاری شیڈول کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 15 اکتوبر کے بجائے 14 اکتوبر کو دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم احمد آباد میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

شیڈول میں کی گئیں دیگر تبدیلیوں میں پاکستان اور سری لنکا کا میچ اب پرانی تاریخ کے بجائے 10 اکتوبر کو ہوگا۔

اسی طرح آسٹریلیا کا جنوبی افریقہ کے خلاف میچ 12 اکتوبر کو لکھنئو میں کھیلا جائے گا، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں پرانے شیڈول سے ایک دن کی تاخیر کے ساتھ 15 اکتوبر کو دہلی میں آمنے سامنے ہوں گی۔

نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ ابتدائی طور پر 14 اکتوبر کو چنائی میں دن کی روشنی میں رکھا گیا تھا لیکن اب یہ مقابلہ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور 13 اکتوبر کو منعقد ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی شائقین کو ٹکٹ کی فراہمی کے لیے پہلے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کرے گی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل میچوں کے لیے ٹکٹوں کی فروخت 15 ستمبر سے شروع کرنے کا شیڈول ترتیب دیا گیا ہے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet