کچھ ہفتوں قبل ایشیا کپ کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ اس ایونٹ کیلئے دیگر ٹیموں کی طرح بھارتی ٹیم بھی پاکستان کا سفر کرسکتی تھی تاہم بھارتی ہٹ دھرمی کے بعد واضح ہوچکا کہ حریف ملک کی ٹیم اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر یعنی سری لنکا میں کھیلے گی۔
ایشیا کپ کیلئے سری لنکا کو پاکستان کے شریک میزبان کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ایشیا کپ کے حوالے سے تیار بھارتی ٹیم کی جرسی پر ’پاکستان‘ کے نام نے سوشل میڈیا صارفین کو چونکادیا ہے۔
وائرل تصویر میں بھارتی کپتان روہت شرما اورسابق کپتان ویرات کوہلی کو نئی جرسی پہنے دیکھا جاسکتا ہے، اس جرسی پر واضح طور پر ایشیا کپ 2023 کے میزبان یعنی پاکستان کا نام لکھا دیکھا جاسکتا ہے۔
Pakistan Will be Written on Team India’s Jersey For First Time Ever As Pakistan Is Hosting Asia Cup 2023 #INDvsPAK #gadar #Don3 #flyingkiss #omg2 pic.twitter.com/KI7LbZM5Lg
— Sanyam Himalia (@sanyamhimalia) August 9, 2023
تاحال اس خبر کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے لیکن امکان ہے کہ بھارتی ٹیم مقابلے کے میدان میں پاکستان کے نام سے سجی جرسی پہن کر اترے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کیلئے جرسی پر ایشیا کپ کے لوگو کے ساتھ میزبان کا نام درج ہونا ضروری ہے، بھارتی ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام بھی اسی لیے درج ہوسکتا ہے۔ بات کی جائے ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی تو دونوں ٹیمیں 2 ستمبر کے روز سری لنکا کے پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔