قومی کرکٹرز کی ٹریننگ کا طریقہ کار وضع کرنے کیلیے ہیڈکوچ و چیف سیلکٹر مصباح الحق اور پی سی بی حکام کی مشاورت جاری ہے۔
دورہ انگلینڈ کیلیے 25 سے 27 کھلاڑیوں کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ پلیئرز کیساتھ ایمرجنگ کیٹیگری کے تینوں کھلاڑی بھی شامل ہوں گے، تینوں فارمیٹ کے حالیہ اسکواڈزکا حصہ رہنے والے کرکٹرزکوبھی کیمپ میں بلایاجائے گا، تربیتی کیمپ 7جون سے شروع ہوگا۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق، پی سی بی میڈیکل پینل کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم اور دیگر متعلقہ حکام یہ جائزہ لے رہے ہیں کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بائیو سیکیور ماحول میں کتنے کھلاڑیوں کو رکھنامناسب ہوگا،رہائشی سہولیات ناکافی ہونے پر متبادل انتظام کیا ہوگا۔یاد رہے کہ منتخب کرکٹرز کو جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ روانگی سے قبل لاہور میں قرنطینہ ٹریننگ کرنا ہے جس کیلیے تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔