پاکستان اے نے ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں 128 رنز سے فتح حاصل کی تھی جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھارتی مداحوں کی جانب سے کہا گیا پاکستان کی اس ٹیم میں تمام تجربہ کار کھلاڑی تھے جب کہ بھارت کی اے ٹیم میں سب کم عمر لڑکے تھے۔
کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت اور پاکستان کی ٹیم کا کہیں سے بھی موازنہ نہیں تھا کیونکہ بھارت اے کے کرکٹرز کا انٹرنیشنل میچز کا تجربہ نہیں تھا اور پاکستان شاہینز میں سب بڑی عمر کے کرکٹرز تھے۔
اب حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حارث نے ناقدین کو جواب دیا کہ ‘لوگ کہہ رہے ہیں کہ پاکستانی ٹیم میں بڑے لڑکے تھے، ہم چھوٹے تھے تو ہم نے توبھارت سے نہیں کہا تھا نہ کہ چھوٹے بچے لے کر آؤ’۔
انہوں نے کہا ‘یہ لوگ کہتے ہیں ہمیں انٹرنیشنل میچز کا تجربہ تھا، تو ایسا نہیں ہے، صائم کے پانچ میچز ہیں، میرے چھ،کامران غلام کا ایک اور طیب طاہر کے تین میچز ہیں اور یہ سب ٹی ٹوئنٹی ہیں’۔
حارث نے مزید کہا ‘بھارتی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل کے 260 میچز کا تجربہ ہے، آئی پی ایل کوئی چھوٹی لیگ ہے؟ پچھلے 15 سالوں سے ہو رہی ہے’۔
‘بابر بہت عاجز کھلاڑی ہے’
محمد حارث نے کپتان بابر اعظم کی تعریف کی اور بتایا کہ ایک مرتبہ میں نے ان سے کہا کہ مجھے ایک چیز میں مسئلہ ہو رہا ہے، انہوں نے اپنی بیٹنگ چھوڑی اور مجھے کہا آؤ پریکٹس کرتے ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا بابر اتنا بڑا پلیئر ہے، وہ کہہ سکتے تھے کہ حارث جونیئر ہے، اسے کیا پریکٹس کرواؤں، جاکے اپنے کوچز سے کہہ دو لیکن انہوں نے انکار نہیں کیا جس کے لیے میں ان کا کافی شکر گزار ہوں۔
حارث کے مطابق بابر اعظم کی بڑی بات یہ ہے کہ وہ جونیئرز سے بھی سیکھتے ہیں، وہ خود کو بڑا نہیں مانتے۔