ٹی 20 ورلڈ کپ کے التوا کرنے کے متعلق آئی سی سی کا اہم اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے واضح کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی نہیں ہوا جبکہ تیاریاں جاری ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے واضح کیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ملتوی نہیں ہوا جبکہ تیاریاں جاری ہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے آئی سی سی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2020 کے التوا کی خبریں درست نہیں ہیں۔

آئی سی سی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں جاری ہیں اور کووڈ-19 کے باعث تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال کے پیش نظرکئی متبادل منصوبوں کو پرکھا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2020 کے میچز اکتوبر اور نومبر میں کروانے کا عندیہ دیا تھا جس کے بعد خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی کردیا جائے گا۔

آسٹریلیا کے میڈیا میں رپورٹس تھیں کہ بھارت کا بااثر بورڈ آئی پی ایل کے انعقاد کے لیے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کو ملتوی کرنا چاہے گا۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) ان خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

بی سی سی آئی کے خزانچی ارون سنگھ دھمل کا کہنا تھا کہ ‘بی سی سی آئی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو ملتوی کرنے کی تجویز کیوں دے گا، ہم اجلاس میں تبادلہ خیال کریں گے اور آئی سی سی کو جو مناسب لگے وہ فیصلہ کرے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر آسٹریلیا کی حکومت اعلان کرتی ہے کہ ٹورنامنٹ ہوگا اور کرکٹ آسٹریلیا اس کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے تو یہ ان کا فیصلہ ہوگا اور بی سی سی آئی کوئی تجویز نہیں دے گی’۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 18 اکتوبر کو آسٹریلیا میں شروع ہوگا تاہم کورونا وائرس کے باعث دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کی طرح ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی کے التوا کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔

ورلڈ کپ 15 نومبر تک جاری رہے گا، جہاں کل 16 ٹیمیں 45 میچز کھیلیں گی۔

گروپ اے میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ونڈیز (ویسٹ انڈیز) اور 2 کوالیفائر شامل ہوں گے جبکہ گروپ بی میں بھارت، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، افغانستان اور 2 کوالیفائر ہوں گے۔

رواں برس مارچ میں 53 کروڑ ڈالر مالیت کی آئی پی ایل کورونا وائرس کے باعث ملتوی ہوگئی تھی اور بھارتی حکام نے حال ہی میں کہا تھا کہ اکتوبر اورنومبر میں مناسب موقع ملتے ہیں اس کا انعقاد کیا جائے گا۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet