بابر اعظم، محمد رضوان باوقار ہارورڈ پروگرام میں شامل ہونے والے پہلے کرکٹر بن گئے

بابر اعظم اور محمد رضوان
دنیائے کرکٹ میں کئی ریکارڈ قائم کرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان ہارورڈ بزنس اسکول کے دی بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ اسپورٹس(بی ای ایم ایس) کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام میں شمولیت اختیار کرنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔

یہ خبر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز شیئر کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ ایک روزہ عالمی کرکٹ کی رینکنگ میں نمبر ون بلے باز پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، اپنے سرپرست، سایا کارپوریشن کے بانی اور سی ای او طلحہ رحمانی کے ساتھ ہارورڈ بزنس اسکول کے انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس بزنس آف پر ایگزیکٹو کے ایجوکیشن پروگرام میں شامل ہونے والے پہلے کرکٹر ہیں۔

بابر اعظم اور محمد رضوان مشہور شخصیات اور دنیا کے اعلیٰ ترین کھلاڑیوں کی طویل فہرست میں شامل ہوں گے جنہوں نے اس باوقار پروگرام میں شرکت کی۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ پروگرام میں یہ تینوں پاکستان اور دنیائے کرکٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں جہاں کھیل، میڈیا اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا کے با اثر ترین نام موجود ہوں گے۔

یہ پروگرام 31 مئی سے 3 جون تک بوسٹن میساچوسٹس میں واقع ہارورڈ بزنس اسکول میں ہوگا، یہ تینوں پروگرام کے بعد 13 جون تک امریکا میں مختلف کمیونٹی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں گے۔

دونوں کرکٹرز نے اس پروگرام میں شرکت کے حوالے سے کافی جوش اور ولولے کا اظہار کیا۔

بابر اعظم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں زندگی بھر سیکھنے کی سوچ رکھنے والا شخص ہوں، میں نے پروفیسر ایلبرس اور طلحہ رحمانی کے ساتھ اس پروگرام سے متعلق تفصیلی بات چیت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہارورڈ میں اس عالمی معیار کے پروگرام میں شامل ہونے کے لیے میرے شوق کی وجہ کچھ نیا دریافت کرنا، سننا، سیکھنا، اپنے اندر مزید بہتری لانا اور دنیا بھر کی کمیونٹی کے لیے کچھ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ دنیا کے کونے کونے سے آنے والے مایہ ناز کھلاڑیوں اور انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس کی صنعتوں کے اعلیٰ کاروباری عہدیداروں سے سیکھنے کے لیے بہت سی چیزیں ہیں۔

ٹی 20 انٹرنیشنل میں دوسری پوزیشن پر براجمان بلے باز محمد رضوان نے کہا کہ ایسے باوقار عالمی اسٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہارورڈ کے بی ای ایم ایس پروگرام میں جا رہے ہیں تاکہ فیکلٹی اور پروگرام فیلو دونوں کے لحاظ سے دنیا کے بہترین لوگوں سے سیکھ سکیں اور اپنے سفر کے تجربات اور سیکھنے والی باتوں کو سب کے ساتھ شیئر کرسکیں۔

وکٹ کیپر بلے باز نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ ایک دلچسپ سفر ہوگا، میں کرکٹ کی دنیا کے آئندہ آنے والے سپر اسٹارز کے ساتھ سیکھی گئی باتوں اور تجربات کو شیئر کرنے کا منتظر ہوں۔

پروگرام کی سربراہ پروفیسر انیتا ایلبرس نے کہا کہ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو ہارورڈ بزنس اسکول اور بی ای ایم ایس پروگرام میں خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوش ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ دوسرے شرکا کاروباری دنیا میں زبردست دلچسپی کے ساتھ عالمی معیار کے کھلاڑیوں کے طور پر ان کے تجربات سے بہت فائدہ اٹھائیں گے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet