آئی سی سی کی کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کروانے کیلئے کوششیں تیز

آئی سی سی
آئی سی سی نے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کروانے کیلئے کوششیں تیز کردیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ آئی او سی کھیل کو اولمپکس میں شامل کرکے بڑی کمائی کرسکتی ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کروانے کیلئے اپنی کوششیں تیز کردیں۔ اپنے ایک بیان میں آئی سی سی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی (آئی او سی) کرکٹ کو عالمی مقابلوں میں شامل کرکے بھارتی مارکیٹ سے بڑی کمائی کرسکتی ہے۔

آئی سی سی کا مؤقف ہے کہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی بھارت سے میڈیا رائٹس کی مد میں 130 سے 260 ملین ڈالر تک آمدنی حاصل کرسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پیرس اولمپکس 2024ء کیلئے آئی او سی کی انڈین مارکیٹ کیلئے میڈیا رائٹس 31 ملین ڈالر تک محدود رہے۔

آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کرکٹ کے ایک ارب سے زیادہ شائقین ہیں، 90 فیصد شائقین چاہتے ہیں کہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کیا جائے۔

دوسری جانب لاس اینجلس کے سابق میئر اور بھارت میں امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے بھی کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا کرکٹ کو لاس اینجلس اولمپکس میں شامل کرنے کا خواہشمند ہے۔

واضح رہے کہ کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کیلئے آئی سی سی جے شاہ کی سربراہی میں کمیٹی بنا چکا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے تجویز دی ہے کہ اولمپکس میں مرد و خواتین کی 6، 6 ٹیمیں ٹی 20 فارمیٹ کھیل سکتی ہیں۔

آئی سی سی کی تجویز پر کرکٹ کو اولمپکس میں شامل کرنے کا حتمی فیصلہ آئی او سی کی ممبئی میں رواں سال اکتوبر میں ہونیوالی میٹنگ میں کیا جائے گا۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet