وکٹ لینے کے بعد کھلاڑی ہاتھ ملائیں گے، نہ ہی گلے مل پائیں گے: آئی سی سی

وکٹ لینے کے بعد کھلاڑی ہاتھ ملائیں گے، نہ ہی گلے مل پائیں گے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کورونا وائرس کے بعد کرکٹ کی بحالی کیلئے گائیڈ لائنز جاری کردی ہیں جس کے تحت کھلاڑی فیلڈ پر کسی بھی کامیابی کا جشن منانے کیلئے نہ ایک دوسرے سے گلے مل پائیں گے اور نہ ہی ہاتھ ملا سکیں گے جکہ ہائی فائیو پر بھی پابندی ہوگی۔

کرکٹ کی عالمی تنظیم کی جانب سے 16صفحات پر مشتمل ’آئی سی سی بیک ٹو کرکٹ گائیڈ لائنز‘ جمعہ کو جاری کی گئیں جس میں اس بات کی تصدیق کردی گئی ہے کہ بولرز گیند چمکانے کیلئے تھوک کا استعمال نہیں کرسکیں گے۔

آئی سی سی کے دستاویزات کے مطابق کھلاڑی فیلڈ پر آپس میں ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں گے جس کی وجہ سے کوئی ایسا جشن منانے کی اجازت نہیں ہوگی جس میں باڈی کانٹیکٹ ہو، ساتھ ساتھ کھلاڑی اپنا سامان علیحدہ استعمال کریں گے اور پانی کی بوتل سمیت کوئی بھی چیز ایک دوسرے کو نہیں دیں گے۔

فیلڈ میں بولرز اپنا کوئی بھی سامان جیسے سوئٹرز، سن گلاسز، جمپرز، کیپ وغیر امپائرز کو نہیں دیں گے، ہر کھلاڑی اپنے سامان کو رکھنے کا خود ذمہ دار ہوگا۔

بولرز کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہیں کہ وہ گیند کے استعمال کے بعد اپنے چہرے کو چھونے سے گریز کریں گے اوربار بار ہینڈ سینٹی ٹائزرز کا استعمال کریں گے، امپائرز دستانے پہن کر گیند کو چھوئیں گے۔

گائیڈ لائنز میں ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان کم از کم ڈیڑھ میٹر فاصلے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ یہ گائیڈ لائنز اس کے میڈیکل ایڈوائزری بورڈ کی ہدایات کی روشنی میں مرتب کی گئی ہیں جس نے سفارش کی ہے کہ ہر ٹیم کے ساتھ ایک چیف میڈیکل آفیسر کا تقرر کیا جائے جو کھلاڑیوں کو صحتمند ماحول کی فراہمی کا ذمہ دار ہوگا۔

ایک اور پوائنٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ٹیمیں انٹرنیشنل مقابلوں سے قبل کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرائیں گی اور کھلاڑی کم از کم 14 روز قرنطینہ میں گزاریں گے۔

آئی سی سی گائیڈ لائنز میں انٹرنیشنل سیریز کیلئے ٹیموں کو چارٹرڈ فلائٹس میں سفر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور ساتھ ساتھ یہ مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کیلئے علیحدہ کمرے ہوں اور ٹیم ایک ہی فلور پر قیام کرے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet