نیوزی لینڈ سے شکست کا ملبہ کسی پر بھی نہیں ڈالوں گا: بابراعظم

بابراعظم
قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ سے شکست کا ملبہ کسی پر نہیں ڈالتا، ٹیم جیتتی ہے اور ٹیم ہی ہارتی ہے۔

نیوزی لینڈ نے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کر دی، ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

آخری ٹی ٹوئنٹی میں نیوزی لینڈ نے مارک چیپمین کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کا 194 رنز ہدف باآسانی4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک چیپمین ناقابل شکست104 اور جمی نیشم 45 رنز بناکر نمایاں رہے۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پِچز 180 اسکور کی ہوتی ہیں، افتخار احمد اور رضوان کی اننگز کے بعد 200 کا سوچ رہا تھا۔

بابر کا کہنا تھا کہ بولنگ میں پہلے10 اوور اچھا کھیلے لیکن اس کےبعد بہتر کھیل نہیں پیش کر پائے، شکست کا ملبہ کسی پر نہیں ڈالتا، ٹیم جیتتی ہے اور ٹیم ہی ہارتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محمدرضوان نے بڑی شاٹس کھیلنے کی کوشش کی لیکن لگ نہیں پائیں، ماضی میں رضوان نے بہترین اننگز کھیلی ہیں، پاکستان کی جیسی بولنگ تھی ہمیں مزید بہتر کھیلنا چاہیے تھا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ون ڈے سیریز میں دو دن کا وقفہ ہے، جلد دوسرے فارمیٹ میں خود کو ڈھالیں گے، سب پروفیشنل ہیں، کھلاڑی ہر وقت کرکٹ سیکھتے رہتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز دو دو سے برابر ہوگئی، ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet