پی سی بی کی جانب سے سزا ملنے کے بعد عُمر اکمل کا بڑا قدم، اہم فیصلہ کر لیا

عمر اکمل
قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے لگائی جانے والی تین سال کی پابندی کی سزا کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے ڈسپلنری پینل نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کیخلاف تین سال پابندی کی سزا سنائی تھی۔ مڈل آرڈر بلے باز نے اس سزا کیخلاف اپیل دائر کر دی ہے جس کی سماعت کیلئے پی سی بی 15 روز کے اندر آزاد ایڈجیوڈیکٹر کی تقرری کرے گا۔

واضح رہے کہ 20 فروری کو پی سی بی نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا اور اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات شروع کی گئی تھیں جبکہ اس معطلی کی وجہ سے عمر اکمل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے۔

بعد ازاں یہ خبریں سامنے آئیں کہ عمر اکمل کو بکی نے میچ فکسنگ کی پیشکش کی تاہم وہ اس کی اطلاع بروقت پی سی بی کو دینے میں ناکام رہے جس کے بعد بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے مڈل آرڈر بلے باز کے فون کا ڈیٹا اپنے پاس رکھ لیا اور عمر اکمل کو طلب کرکے ان کے دونوں فونز قبضے میں لے لئے گئے تھے۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet