پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین دوسرا ون ڈے آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا شاہین یہ میچ جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری لینے کی کوشش کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے کیوی ٹیم کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا، پہلے بولنگ میں نسیم شاہ اور ڈیبیو کرنے والے اسامہ میر نےکیوی بیٹرز کو بڑا اسکور نہ کرنے دیا۔
قومی ٹیم نے بیٹنگ میں فخر زمان، بابر اعظم اور محمد رضوان کی نصف سنچریوں کی بدولت باآسانی ہدف حاصل کیا۔
گزشتہ روز کیوی بیٹر گلین فلپس نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوسرے میچ میں اچھی پرفارمنس کی اُمید ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں پارٹنرشپ نہ ہونے کے سبب بڑا اسکور نہ کرسکے۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم دوسرے او ڈی آئی میں فتح کے ذریعے سیریز کو اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گی۔