پی سی بی سمجھتا ہے کہ سابق چیئرمین رمیز راجہ کی جانب سے دئیے گئے ان بیانات کا مقصد موجودہ چیئرمین نجم سیٹھی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ پی سی بی اپنے چیئرمین اور ادارے کی ساکھ کے دفاع اور تحفظ کے لیے قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ریکارڈ کی درستگی کے لیے چند حقائق مندرجہ ذیل ہیں
پی سی بی کے پیٹرن نے، شائقین کرکٹ اور منتظمین کے ساتھ ساتھ سابقہ اور موجودہ کرکٹرز کے کھلاڑیوں کی نوکریوں، فلاح و بہبود اور کیریئر کے تحفظ سے متعلق مقبول ترین مطالبہ پرپی سی بی کے آئین 2014 کو بحال کرکے اپنے آئینی حق کا استعمال کیا ہے کیونکہ یہ محکمہ جاتی کرکٹ کے کردار کو تسلیم کرتا ہے۔ جو کہ پی ٹی آئی حکومت کے دوران نافذ العمل پی سی بی کے آئین 2019 میں نہیں تھا۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر نے پہلے ہی رمیز راجہ کے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے کہ انہیں اپنا سامان اکٹھا کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ وہ اس بات کی بھی تصدیق کرتے ہیں کہ وہ سامان خود انہوں نے اکٹھا کیا اور وہ آج (بدھ) کو رمیز راجہ کو واپس کر دیا جائے گا۔ رمیز راجہ کو قذافی اسٹیڈیم کے احاطے میں داخل ہونے سے کبھی نہیں روکا گیا اور مستقبل میں بھی ان کا خیر مقدم کیا جائے گا۔