شاہد آفریدی نے بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشفیق الرحیم کا بیٹ نیلامی میں 20 ہزار امریکی ڈالرز میں خریدا۔
مشفیق الرحیم نے اپنی اور بنگلا دیش کی پہلی ڈبل سنچری کا بیٹ نیلامی کیلئے پیش کیا تھا۔مشفیق الرحیم نے بنگلا دیش میں کورونا وائرس کے متاثرین کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے کی غرض سے اپنا بیٹ نیلام کیا ہے۔
ایسے کام حقیقی ہیروز ہی کرتے ہیں، شاہد آفریدی
سابق کپتان شاہد آفریدی نے مشفیق الرحیم کو پیغام میں کہا ہے کہ ‘مشفیق آپ اپنے لوگوں کیلئے زبردست کام کر رہے ہیں، ایسے کام حقیقی ہیروز ہی کرتے ہیں، ہم سب بہت مشکل وقت سے گزر رہے ہیں، اس وقت ہمیں ایک دوسرے کی ضرورت ہوتی ہے، بنگلا دیش میں مجھے جو پیار ملا ہے وہ ہمیشہ یاد رہے گا۔
آفریدی نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کی طرف سے آپ کا کرکٹ بیٹ خرید کر میں آپ کے سفر کا حصہ بننا چاہتا ہوں، ہم اس بیماری سےجلد نجات پائیں گے اور کرکٹ کے میدان میں ملیں گے۔