انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دونوں روایتی حریفوں کے درمیان کرکٹ سیریز کے انعقاد کےلیے پی سی بی اور بی سی سی آئی سے رابطہ کیا ہے اور مجوزہ ٹیسٹ سیریز انگلینڈ میں کروانے کی پیشکش کی ہے۔
ای سی بی کا موقف ہے کہ پاک ،بھارت ٹیسٹ سیریز انگلینڈ کے میدانوں میں کروائیں گے۔ آسٹریلیا کے ساتھ بھی پاکستان نے انگلینڈ میں ٹیسٹ میچز کھیلے تھے جبکہ انگلینڈ میں پاکستانی اور بھارتی شائقین بڑی تعداد میں موجود ہیں۔
دوسری جانب ترجمان پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے اجلاس میں پاک بھارت سیریز کروانے کی بات ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 2007 میں انڈیا میں کھیلی گئی کرکٹ سیریز کے بعد سے کوئی باقاعدہ مکمل کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی۔
بھارت میں نریندر مودی کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ خراب ہوتے گئے اور پاکستان کی جانب سے متعدد کوششوں کے باوجود بھارت نے دوطرفہ سیریز کے معاملے پر سردمہری برقرار رکھی۔