انگلینڈ سے سیریز میں کسی ایک بیٹر کو ٹارگٹ نہیں کیا: نسیم شاہ

انگلینڈ سے سیریز میں کسی ایک بیٹر کو ٹارگٹ نہیں کیا:  نسیم شاہ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہےکہ وکٹ وہی معنی رکھتی ہے جو ایسے وقت میں حاصل کی جائے جب ٹیم کو اس کی ضرورت ہو، انگلینڈ سے سیریز میں کسی ایک بیٹر کو ٹارگٹ نہیں کیا۔

اپنے ایک بیان میں میں نوجوان فاسٹ بولر نےکہا کہ ان کا کام تو بولنگ ہے اور فوکس بھی بولنگ پر ہی ہے لیکن اتنا ضرور معلوم ہونا چاہیےکہ آخر میں ٹیم کو ضرورت ہو تو پندرہ، بیس رنز کیسے بنانا ہیں۔

19 سالہ نسیم شاہ نے گزشتہ ماہ ایشیا کپ کے دوران اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا، ٹورنامنٹ کے پانچ میچز میں انہوں نے سات وکٹیں حاصل کیں اور آئندہ کے میچز میں اور بھی وکٹیں حاصل کرنے پر نظریں مرکوز کرلی ہیں۔

نسیم شاہ کہتے ہیں ’کسی ایک بیٹر کو ٹارگٹ نہیں کیا، جو بھی بیٹر ہو، اس کو آؤٹ کرنا ہے، کوشش ہوتی ہےکہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلوں، جب ٹیم کو وکٹ کی ضرورت ہو اس وقت بیٹر کو آؤٹ کریں تو ایسی وکٹ زیادہ معنی رکھتی ہے، بہترین وکٹ وہی ہوتی ہے جو آپ اہم موقع پر حاصل کریں۔

نسیم شاہ نے کہا کہ انگلینڈ کا 17 سال بعد پاکستان آنا پاکستان کرکٹ کے لیے تاریخی لمحہ ہے، یہ فینز کے لیے خوشی کی بات ہے کہ دنیا کے ٹاپ پلیئرز یہاں آرہے ہیں، ہم ایشیا کپ کھیل کر آرہے ہیں، پلیئرز اچھی فارم میں ہیں، امید ہے اچھی کرکٹ کھیلیں گے، جب بڑی ٹیمیں آتی ہیں اور اس کے خلاف آپ ہوم گراؤنڈ پر کھیلتے ہیں تو اس کا احساس بہت زبردست ہوتا ہے۔

جب نوجوان فاسٹ بولر سے پوچھا گیا کہ ان کے کیا اہداف ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ ہر سیریز میں یہ ہی کوشش ہوتی ہے کہ سیریز کا بہترین پلیئر بنوں، ٹیم کے لیے اچھی بولنگ کراؤں اور پاکستان کی جیت میں اپنا کردار ادا کروں۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے کھلاڑی بھی یہاں پی ایس ایل کھیل چکے ہیں، انہیں اندازہ ہے کہ یہاں کیسے کھیلنا ہے، وہ اپنی اسٹرینتھ پر کھیلتے ہیں اور ہم اپنی اسٹرینتھ پر کھیلتے ہیں، کوشش کریں گے کہ اپنی اسٹرینتھ کے مطابق کھیلیں، پاکستان کی کنڈیشنز ہے، ہم اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ہر ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر فینز سپورٹ کرتے ہیں جس سے پلیئرز کا حوصلہ بڑھتا ہے، اس سے بہتر احساس کیا ہوگا کہ فینز بڑی تعداد میں گراؤنڈ آئیں اور ہماری حوصلہ افزائی کریں۔

افغانستان کے خلاف میچ میں دو چھکوں کی یاد دلانے پر نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ وہ میچ کبھی ہمارے حق میں ہو رہا تھا کبھی افغانستان کے پلڑے میں جا رہا تھا، کافی سنسنی خیز مقابلہ تھا، سوچا تھا کہ اپنی جانب سے پوری کوشش کرنی ہے، جب پاکستان کو میچ جتایا تو اس کی خوشی نیچرل تھی۔

جب نسیم شاہ سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ بولنگ کی طرح ہی بیٹنگ کی پریکٹس کرتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ ’میرا فوکس بولنگ ہی ہے، نیٹ پر بولنگ کو ہی ترجیح دیتا ہوں لیکن اگر ٹیم مشکل صورت حال میں ہو تو آخر میں پندرہ ، بیس رنز بنانا آنا ضروری ہے، میں بیٹرز کی طرح طویل سیشن نہیں کرتا ، کیوں کہ وہ بیٹرز کا کام ہے میرا کام ہے بولنگ کرنا لیکن اگر آپ محنت کریں اور پریکٹس کریں تو بیٹنگ خود بخود بہترہوجاتی ہے، حقیقی ہدف تو بولنگ ہی ہے لیکن ساتھ ساتھ بیٹنگ بھی کرتا ہوں’۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet