اگلے برس نیوزی لینڈ میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ ٹورنامنٹ 3 سے 19 جولائی تک سری لنکا میں کھیلا جانا تھا لیکن اب آئی سی سی نے عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ایونٹ ملتوی کر دیا ہے۔
ایونٹ میں پاکستان ویمن ٹیم نے بھی شرکت کرنی ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے تین پوائنٹس سے محروم کر دینے کی وجہ سے پاکستان ویمن ٹیم کو یہ کوالیفائر ٹورنامنٹ کھیلنا پڑرہا ہے۔
آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز کیلئے بھارتی بورڈ نے حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان کی میزبانی نہ کی اور معاملہ آئی سی سی کے پاس پہنچا تو آئی سی سی نے پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیموں کو یکساں طور پر تین تین پوائنٹس دے دیے۔
ان تین پوائنٹس کی بدولت بھارتی ٹیم براہ راست ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرگئی جبکہ پاکستان ویمن ٹیم تین پوائنٹس ملنے کی وجہ سے براہ راست کوالیفائی نہ کر سکی اور اسے سری لنکا میں ہونے والے کوالیفائر میں شرکت کرنا پڑ رہی ہے جسے اب آئی سی سی نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کر دیا ہے۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ ایونٹ کا ملتوی ہونا قابل فہم ہے، اس وقت پوری دنیا میں کھیلوں کی سرگرمیاں التواء کا شکارہیں اور عوامی اجتماعات روک دیے گئے ہیں۔
بسمعہ معروف نے کہا کہ صورتحال جلد نارمل ہونے کیلئے پرامید ہوں، میں اس وقت کرکٹ کو بہت مس کر رہی ہوں، مجھے امید ہے کہ صورتحال جلد معمول پر آنے کے بعد کھیلوں کی سرگرمیاں شروع ہوں گی۔
خیال رہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں کے ان دنوں فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹیم منیجمنٹ کا کہنا ہے کہ تیاریوں کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا تاکہ جونہی کھیل کی سرگرمیاں شروع ہوں تو کھلاڑیوں کو مشکل نہ ہو۔
کوچ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اقبال امام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث اس وقت غیر معمولی حالات ہیں، ایونٹ ملتوی کرنے کے حالات سب سمجھ سکتے ہیں۔