پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلاڑی صورتحال کے مطابق بہترین کھیلتا ہے اس سے ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ افغانستان کے خلاف نسیم شاہ نے کیرئیر کے 2 بہترین شاٹس کھیلے، شارجہ میں جاوید میانداد کے بعد نسیم شاہ نے بہترین اور یادگار چھکے لگائے۔ نسیم کو اکیڈمی میں بیٹنگ شروع کروائی ہے اور وہ گزشتہ روز بہترین کھیلا ہے۔
بیٹنگ کوچ نے قومی ٹیم کے کپتان سے متعلق کہا کہ بابراعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے، کچھ برا وقت آجاتا ہے کہ آپ اچھا کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن آؤٹ ہوجاتے ہیں۔ تاہم بابراعظم پر برا وقت نہیں ہے اور صرف قسمت ساتھ نہیں دے رہی ہے۔
محمد یوسف کا یہ بھی کہنا تھا کہ بابر اعظم کوشش کررہے ہیں کہ وہ پرفارمنس دیں،ٹاپ کے کھلاڑی ٹاپ پر ہی رہتے ہیں اور بنیادی چیزوں کو جو ساتھ لے کر چلتا ہے وہ کبھی ناکام نہیں ہوتا۔
محمد یوسف نے یہ بھی کہا کہ بیٹر جو بھی شاٹس کھیلیں اس کو میرٹ پر کھیلیں تو رنز بن جاتے ہیں،کرکٹ میں افراتفری نہیں ہونی چاہیے اوراس کو سمجھ کر کھیلنا چاہیے۔
بیٹنگ کوچ نے امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی جس طرح کھیل رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ ایشیاء کپ جیت کر جائیں گے البتہ ہارجیت گیم کا حصہ ہے اور ہم محنت کررہے ہیں اس کا صلہ اللہ دے گا۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان سے متعلق انھوں نے کہا کہ رضوان کے بارے میں کچھ بھی کہا جائے وہ کم ہے،رضوان ٹیم کے لئے لڑرہا ہوتا ہے، بھارت کے خلاف رضوان انجری کا شکار ہوکر بھی بیٹنگ میں جذبے کے ساتھ رننگ کررہا تھا۔