“شعیب اختر کا سامنا کرنا ڈراؤنے خواب کی طرح تھا، میں نے سوچا تھا اس دن میں مارا جاؤں گا”

شعیب اختر
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے اوپنر تمیم اقبال کا کہنا ہے کہ ماضی میں شعیب اختر کا سامنا کرنا ڈراؤنے خواب کی طرح تھا، میں نے سوچا تھا اس دن میں مارا جاؤں گا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے تجربہ کار بلے باز تمیم اقبال نے بنگلہ دیش کے سابق کرکٹرز خالد محمود، نعیم الرحمان اور حبیب البشر کے ہمراہ فیس بک لائیو پر ماضی کی یادوں کا تذکرہ کیا۔

تمیم اقبال نے شعیب اختر کا سامنا کرنے کے حوالے سے یادیں دہراتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی ایکسپریس کا سامنا کرنا کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا۔

بنگلہ دیشی اوپنر نے کہا کہ وہ اس حد تک خوفزدہ تھے کہ ایک موقع پر ایسا لگا کہ شعیب اختر انہیں مار ڈالیں گے، تمیم اقبال نے کہا کہ میں ہمیشہ یہی کہتا ہوں کہ متعدد فاسٹ بولرز کھیلے ہیں، 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار کی گیند بھی کھیلی ہیں لیکن ایک بار جب میں شعیب اختر کا سامنا کیا تو میں ڈر گیا۔

شعیب اختر کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے تمیم، حبیب البشر، اور خالد محمود، نعیم چاروں نے 2003 میں بنگلہ دیش کے ملتان ٹیسٹ کے بارے میں بات کی، یہ وہی سال تھا جب شعیب نے کرکٹ میں اب تک کی تیز ترین گیند 161.3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کی تھی۔

تمیم اقبال نے کینیا میں 2007 میں پہلی بار شعیب اختر کا سامنا کیا، جس میں انہوں نے شعیب اختر کی 4 گیندوں پر ایک رن بنایا تھا اور شعیب اختر کی گیند پر شاہد آفریدی کو کور میں کیچ دے بیٹھے تھے۔

ایشیا کپ 2010 میں جب تمیم اقبال کا سامنا شعیب اختر سے ہوا تو انہوں ںے 27 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز کھیلی اس میں انہوں نے شعیب اختر کی آٹھ گیندوں کا سامنا کیا اور شعیب کو اپنی وکٹ نہیں دی۔

Whats-App-Image-2020-08-12-at-19-14-00-1-1
upload pictures to the internet